ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پورے ملک نے بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا

پورے ملک نے بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا

Mon, 15 Apr 2019 10:47:45    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍اپریل (ایس او نیوز؍ یواین آئی ) پورے ملک میں اتوار کو بابا صاحب امبیڈکر کو ان کی128ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی تعمیر میں ان کی خدمات کو یاد کر کے سماجی انصاف اور پسماندہ طبقات کو با اختیار بنانے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی ۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت دیگر معزز لوگوں نے آئین کی تشکیل میں بابا صاحب کی خدمات کو یاد کیا اورمساوات پر مبنی سماج کی تشکیل کیلئے ان کے بتائے گئے راستوں پر چلنے کی تلقین کی ۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع بابا صاحب کے مجسمہ پر کووند، نائیڈو، مودی، سمترا مہاجن وغیرہ نے گلہائے عقیدت پیش کئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر سماجی بہبود کے وزیر تھاور چند گہلوٹ، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل، رام داس اٹھوالے ، ستیہ نارائن جٹیا، نامزد رکن نریندر جادو کے علاوہ بی جے پی کے بزرگ لیڈر لال کرشن اڈوانی وغیرہ بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر امبیڈکرپر ادارہ سماجی انصاف اور اختیارت کی طرف سے منعقد تقریب میں صبح نو بجے سے12بجے تک متعدد پروگراموں کا اہتما م ہوا اور مقررین نے بابا صاحب کے پیغام کو نئی نسل کے لئے سبق بتایا۔اس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤز کے مرکزی کمرے میں ان لیڈروں نے بابا صاحب کی تصویر پر مالا چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔


Share: